احتساب عدالت ، شہباز شریف کو جانے کی اجازت نہیں ملی

182

اسلام آباد(صباح نیوز)لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔بدھ کولاہور کی احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے کیس کی سماعت کی۔آشیانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران شہباز شریف نے احتساب عدالت سے روسٹرم پہ آ کر کچھ کہنے کی اجازت طلب کی۔شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے لہٰذا مجھے جانے دیا جائے۔جج امجد نذیر چودھری نے کہا کہ آپ ضمانت پر ہوتے تو ٹھیک تھا، ابھی آپ تحویل میں ہیں، آپ کو یہ سہولت نہیں مل سکتی، یہ قانونی تقاضا ہے۔عدالت نے نیب کے گواہ کا بیان ریکارڈ کرا لیا اور کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔احتساب عدالت لاہور نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں پر وکلا کو جرح کے لیے طلب کر لیا۔