جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کی ضمانت منظور

305

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدرآصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرلی.

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سابق صدر کی درخؤاست ضمانت پر سماعت کی۔آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالتی استفسار پر نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس کیس میں ریفرینس فائل نہیں ہوا، اور ابھی بھی یہ کیس تحقیقات کے مرحلے پر ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ کیس پہلے سے دائر جعلی بینک اکاؤنٹس میں اضافی ریفرنس کا حصہ بن جائے گا۔

سابق صدر کے وکیل فاروق نایئک نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل گرفتاری کے بعد بھی 2 ماہ تک ریمانڈ پر رہے تھے،اگر نیب چاہتا تو اس دوران آصف زرداری سے انویسٹی گیشن کرسکتا تھا اور زرداری صاحب آج بھی تفتیش میں شامل ہونے پر رضامند ہیں.

فاروق نائیک نے عدالت سے آصف زرداری کی قبل از گرفتاری کی ضمانت کی استدعا کی جس کو عدالت نے منظور کرتے ہوئے نیب کو سابق صدر کی گرفتاری سے روک دیا.

جبکہ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ نیب کا یہ سوال بنتا ہے کہ زرداری صاحب کو بیرون ملک جانا نہیں چاہیئے تھا، جب جعلی اکاؤنٹس کے مرکزی کیس میں الزام ثابت نہ ہوا تو اس میں بھی نہیں ہوسکے گا.