اسلام آباد (آن لائن) اپوزیشن کی 2 بڑی جماعتوں مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کے زیر حراست اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے معاملے پر اپوزیشن اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے پر مشاورت شروع کردی ہے اور اس حوالے سے کل ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں تمام جماعتوں کی مشاورت سیحتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے درخواست کے بغیر شہباز شریف، خواجہ آصف اور خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے تاہم اپوزیشن جماعتوں نے تینوں اراکین کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست سے انکارکر دیا ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے اسپیکر کے جانبدار رویے کا معاملہ پی ڈی ایم سربراہ اجلاس میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور ن لیگ نے اسپیکر کے رویے کے خلاف قومی اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کی بھی تجویز دی ہے جس کی پیپلز پارٹی نے حمایت نہیں کی۔