زرداری کی پی ڈی ایم کو سینیٹ الیکشن مل کر لڑنے کی تجویز

357

اسلام آباد (آن لائن) سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ آصف زرداری نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو سینیٹ کا انتخاب مل کر لڑنے کی تجویز دے دی اور مولانا فضل الرحمن اور نواز شریف پر واضح کیا ہے کہ اگر وہ ان کے بتائے ہوئے فارمولے کے تحت آگے بڑھیں تو پھر سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کو طے شدہ نشستوں سے زیادہ نشستیں مل سکتی ہیں‘سینیٹ الیکشن سے متعلق واضح حکمت عملی پی ڈی ایم کے 4 فروری کو ہونے والے اجلاس میں مرتب کی جائے گی جو مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹریٹ میں ہوگا اور اس سربراہی اجلاس میں سابق صدر آصف زرداری اور نواز شریف بھی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے سینیٹ الیکشن مل کر لڑنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ میرے فارمولے پر چلیں ‘طے شدہ تعداد سے2 سے3 سیٹیں زیادہ لے سکتے ہیں۔ آصف زرداری پنجاب سے پیپلز پارٹی کا ایک سینیٹر بھی منتخب کرانے کے لیے سرگرم ہیں ‘ ن لیگ اور ق لیگ کی حمایت کی صورت میں یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے بھی حمایت مانگی ہے۔ سابق صدر کا موقف ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی مل کر لڑے تو حکومت کو سرپرائز دے سکتے ہیں۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے سینیٹ الیکشن لڑنے کی تجویز پر بھی سربراہی اجلاس میں غور ہوگا۔