شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 10 فروری تک ملتوی

126

 

لاہور (آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کرتے ہوئے آئندہ سماعت 10فروری تک کے لیے ملتوی کردی ہے۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر جیل حکام نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔ گزشتہ روز احتساب عدالت میں سماعت کے دوران شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے روسٹرم پر حاضری مکمل کروائی ۔شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ کا ذکرچھیڑ دیا ۔ شہباز شریف نے روسٹرم پر ایک بار پھر اپنی
صفائی میں بیان دینا شروع کردیا ۔شہباز شریف نے کرپشن کے حوالے سے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب یہ دیکھیں ، ہماری حکومت میں یہ کرپشن نہیں تھی ۔فاضل جج نے شہباز شریف کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ مجھے کیس شروع کرنے دیں میرا وقت ضائع نہ کیا جائے ۔شہباز شریف نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج افسوس ہوا کرپشن بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔ یہ جو کرپشن کم کرنے کا رونا روتے رہتے ہیں رپورٹ آپ کے سامنے ہے ۔