اسلام آباد (آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 31 جنوری کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد اپنی نئی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت شروع کردی ہے اور اس سلسلے میں پی ڈی ایم کے 3 بڑوں آصف زرداری، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان رابطے ہوئے ہیں جس میں حکومت کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ٹف ٹائم دینے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا ہے اور ان تجاویز کو منظوری کے لیے پی ڈی ایم کے 4 فروری کو ہونے والے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن نے آصف زرداری کو ٹیلی فون کیا ہے اور ان کو بیٹی کی شادی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں سیاسی مشاورت کے دوران آصف زرداری نے ایک بار پھر لانگ مارچ سے قبل تحریک عدم اعتماد کا آپشن استعمال کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ سینیٹ انتخابات کیلیے قانون سازی پر حکومت کی جانب سے ترمیم کو کسی صورت منظور نہیں ہونے دیا جائے گا۔ نوازشریف نے سینیٹ انتخابات کے بعد مارچ میں لانگ مارچ کی تجویز دی ہے جبکہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تمام تجاویز کو 4 فروری کو سربراہ اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا۔