رحمان ملک نے ایک بار پھر سورہ اخلاص غلط پڑھ دی

580

اسلام آباد: سینیٹر رحمان ملک نے ایک بار پھر سورہ اخلاص کی تلاوت غلط کردی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر جاوید عباسی نے تعلیمی اداروں میں عربی زبان لازمی پڑھانے کیلئے بل ایوان میں پیش کیا۔ حکومت، جے یو آئی (ف) اور جماعت اسلامی نے اس بل کی حمایت کی جبکہ پی پی پی نے اعتراض کیا۔

وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ میں اس بل کی مکمل حمایت کرتاہوں، یہ بل بہت اچھا ہے، عربی کو بطور زبان سمجھنا ہوگا، ہمیں ترجمہ کے ساتھ قرآن سکھانے کو لازمی قرار دینا ہوگا، جب تک ترجمہ نہ آئے اس زبان کو سمجھ نہیں سکتے۔

اجلاس کے دوران سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ رحمان ملک کے پاس بہت سی ڈگریاں ہونگی مگر سورہ اخلاص نہیں پڑھ سکے۔

رحمان ملک نے انہیں ٹوکتے ہوئے کہا کہ میں نے سورہ اخلاص صحیح پڑھی تھی،اور آج پھر سناؤں گا۔

مولاناعبدالغفور حیدری نے ان سے کہا کہ وہ تو ریکارڈ کا حصہ ہے کہ آپ نے سورہ اخلاص غلط پڑھی اور لاہور میں اعتزاز احسن نے بھی سورۃ غلط پڑھی تھی۔ عبدالغفور حیدری اور رحمان ملک کے مابین دلچسپ جملوں پر ایوان کشت زعفران بن گیا۔

سینیٹر رحمان ملک نے ایوان میں سورہ اخلاص کی تلاوت کی اور ایک بار پھر سورہ اخلاص غلط پڑھ دی۔