گوادر اور تربت سے لاپتا10افراد گھر پہنچ گئے

255

کوئٹہ (آن لائن )گوادر اور تربت سے لاپتا ہونے والے 10 افراد گھروں کو پہنچ گئے بلوچستان کے اضلاع گوادر اور تربت کے مختلف علاقوں سے ڈھائی سال سے لاپتا 10 افراد گزشتہ 2 روز میں باحفاظت اپنے گھروں کو واپس آگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان افراد میں بلوچی زبان کے شاعر عبید عارف بھی تھے جو نومبر 2018 میں ضلع گوادر کے علاقے جٹ دشت سے لاپتا ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ دیگر 2 افراد میں امیر شکاری اور امام اسحق شامل ہیں جن کا تعلق ضلع گوادر کے علاقے دشت مزن بند سے ہے اور یہ ڈھائی سال بعد اپنے گھروں کو واپس آئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ضلع کیچ کے بال۔نیگور کے عرفان امام بخش، سمی کلگ سے وحید داد، میناز بلیدا کے منظور حسین بھی اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔ مزید یہ کہ دیگر4 افراد جو ضلع کیچ کے ابصر اور ٹمپ کے علاقوں سے تعلق رکھتے تھے وہ بھی 2 سال بعد اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔ ان افراد کی شناخت عزت اللہ، مہران، محمد شریف اور گلاب کے نام سے ہوئی۔