کرک(آن لائن )جمعیت علمائے اسلام اوردفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی نے کہاہے کہ ہماری سیاست کا محور اورمقصد شریعت کا نفاذ ہے میرے والد شہید نے پاکستان کے پارلیمان میں شریعت بل منظور کراکر تاریخ قائم کی ، ان کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، مولانا حامد الحق نے کہاکہ ہم پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں،ہم ان قوتوں کا ساتھ نہیں دیں گے جن کے مقاصد میں شریعت کے نفاذ کا نقطہ شامل نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ ہم قوم کو ایک پیج پر لانا چاہتے ہیں، بیرونی قوتوں کا مقابلہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کندہ کرک میں علاقہ کے معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر محمد دراز خان کی جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کے موقع پرایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ کی صدارت ضلعی امیر مولانا سبز علی خان نے کی جلسہ سے صوبائی امیر مولانا محمدیوسف شاہ ،صوبائی سرپرست اعلیٰ مولانا عبدالواحد ،قبائل کے امیر مولانا عبدالحی حقانی ،ملک قسمت خان ،شیخ الحدیث مولانا اصیل بادشاہ ،مولانامحمد عرفان،مولانا امام محمد ،مولانا نقیب اللہ حافظ دین محمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا، اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں نے اپنے محبوب قائد مولانا حامد الحق حقانی اوردیگر قائدین کا کرک شہر سے کئی کلومیٹر باہر شاندار استقبال کیا ۔