ملاعبدالغنی کی سربراہی میں وفد کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات

188

تہران (آن لائن) افغان طالبان کے نائب امیر اور قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی اور دونوں ممالک اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے ٹویٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ اتوار کے روز وفود کی سطح پر ہونی والی ملاقات میں فریقین نے دونوں ممالک سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ محمد نعیم کے مطابق اچھے ماحول میں ہونے والی ملاقات میں افغانستان کے حالات، بین الافغان مذاکرات ، دوحہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد اور افغانستان اور خطے کی امن کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ہم تمام نسلوں اور مذاہب کی موجودگی میں ایک جامع اسلامی ریاست کی حمایت کرتے ہیں اور ہم اسے افغانستان کی ضرورت سمجھتے ہیں۔جواد ظریف نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھا ثالث اور حکمران نہیں ہے۔