لاہور( نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام قومی کشمیر کانفرنس 3 فروری کو اسلام آباد میں ہوگی۔آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان،وزیراعظم راجہ فاروق حیدر،،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت آزاد کشمیر و پاکستان کے سیاسی رہنماء اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین کانفرنس میں شرکت کرینگے۔کانفرنس میں جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوںکی
مدد کے لیے قومی حکمت عملی طے کی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے قومی کشمیر کانفرنس کے بارے میں خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کہ کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیاگیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن)،پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے قائدین کی شرکت متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا جائیگا جبکہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے متفقہ طور پر اعلامیہ تیار کیا جائیگا۔ایسااعلامیہ تیار کیا جائے گا کہ جس میں مظلوم کشمیریوں کی مدد کے لیے حکمت عملی موجود ہو جسے حکومت پاکستان اپنا کر کشمیریوں کی مددکرے۔امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد مرحوم نے یوم یکجہتی کشمیر 5 فروری کو منانے کی روایت ڈالی تھی اس روایت کے تحت ہر سال پاکستان، آزاد کشمیروگلگت بلتستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے پروگرامات ہوتے ہیں ۔کانفرنسیں اور ریلیوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے اس دفعہ جماعت اسلامی قومی کشمیر کانفرنس کے ذریعے ملت اسلامیہ پاکستان کو ایک بار پھر کشمیریوں کی حمایت پر ان کی پشت پر لا کھڑا کریگی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنا ضروری ہے ورنہ عالمی برادری کشمیر کو بھول جائے گی۔ حقیقت یہی ہے کہ کشمیریوں نے غیر معمولی جدوجہد کے نتیجہ میں عالمی سطح پر اپنی آواز بلندکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز اور دوسرے امور کے سلسلے میںکسی دباؤ کے تحت اپنی مرضی سے پالیسی تیار کی جانی چاہیے۔اس سلسلے میں آزادانہ فیصلوں کی ضرورت ہے بد قسمتی سے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اچھا وکیل میسر نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پوری قوم کو کشمیریوں کی حمایت میں کھڑا کریگی۔