سکھر، نسوانی آواز میں شادی کا لالچ دے کر نوجوان کے اغوا کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی

218

سکھر (نمائندہ جسارت) پولیس کی ایس ایچ او پنوعاقل کی سربراہی میں بروقت کارروائی، خیرپور کے علاقے کنب کے رہائشی نوجوان کو نسوانی آواز میں شادی کا لالچ دے کر اغوا کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنا دیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق کنب کے رہائشی اکرم جوٹو کو نسوانی آواز میں دھوکے سے اغوا کے لیے بلایا جارہا تھا۔ سکھر پولیس کو اطلاع ملتے ہی رابطہ کرکے اغوا ہونے سے بچالیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص کو تیغانی گروہ کی جانب سے نسوانی آواز میں شادی کا لالچ دے کر اغوا کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ ایس ایچ او پنوعاقل نے اطلاع ملتے ہی مذکورہ شخص سے رابطہ کرکے بائیجی چوک پنو عاقل سے اغواء ہونے سے بچالیا۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے پولیس ٹیم کی کارروائی پر شاباشی کا پیغام دیا۔