لاڑکانہ، سرکاری اسکولوں میں کورونا ٹیسٹ میں دشواری

373

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) محکمہ صحت کو سرکاری اسکولوں میں کورونا ٹیسٹ کرنے میں دشواری کا سامنا، اساتذہ یونین نے مبینہ طور پر کورونا ٹیسٹ کرنے والی ٹیموں سے تعاون کرنا چھوڑ دیا۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق حالیہ پائلٹ اسکول میں ہونے والے کورونا ٹیسٹ میں اساتذہ نے اپنے کورونا ٹیسٹ نہیں کروائے، اساتذہ کے انکار اور بچوں کے بھی ٹیسٹ نہ لینے دینے پر ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کو شکایت کر دی گئی۔ اساتذہ نے کورونا ٹیسٹ سے انکار کی وجہ اساتذہ یونین کی ہدایات بتایا ہے۔ اس حوالے سے فوکل پرسن کووڈ 19 ڈاکٹر فرمان نے بتایا کہ پانچ ہزار سے زائد انرولمنٹ والے پائلٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں صرف 83 بچوں کا کورونا ٹیسٹ کرنے دیا گیا جن میں سے کسی ایک کا بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹو نہیں آیا۔ ڈپٹی کمشنر کی مداخلت اور سخت ہدایات کے بعد دینی مدرسہ ہائی اسکول میں بھی 177 بچوں کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا، جلد رپورٹ آجائے گی۔ دوسری جانب محکمہ صحت کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دو ماہ میں مختلف اسکولوں و کالجز سے لیے گئے کورونا ٹیسٹ میں اساتذہ اور طلبہ کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں جبکہ مختلف کالجز اور اسکولوں میں 3 پروفیسرز، 1 لیکچرر، 4 پرائمری اساتذہ سمیت 13 طلبہ کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آچکے ہیں، تاہم کالجز و اسکولوں میں کورونا ٹیسٹ میں عدم تعاون باعث تشویش ہے۔