موجودہ حکومت دھاندلی زدہ مینڈیٹ کی مالک ہے‘ حمزہ شہباز

121

لاہور (نمائندہ جسارت)ن لیگی رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت دھاندلی زدہ مینڈیٹ کی مالک ہے، ہم نے تو احتساب بھگت لیا ہے اب ان کی باری ہے انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹرانسپیرنسی رپورٹ کا تعلق 2020ء سے ہے، مگر حکمران جھوٹ پر جھوٹ بولے جا رہے ہیں، پاکستان کبھی گندم، چینی اور کاٹن برآمد کرنے والا ملک تھا موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے درآمد کرنے والا ملک بن چکا ہے، حکومت کے گردشی قرضے بھی 2400 ارب روپے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران کب جائیں گے یہ اللہ ہی جانتا ہے مگر جب بھی جائیں گے پاکستان کی تاریخ میں اپنی نااہلی اور ناکامی کی ایک بڑی مثال چھوڑ جائیں گے۔موجودہ حکمرانوں نے معیشت کا بیڑا غرق کردیاہے، عمران نیازی روزانہ جھوٹ بول کر معیشت کے اعشاریے بتا کر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں، باغات کے شہرلاہور کو کچرا کنڈی بنا کر رکھ دیا ہے، حکمران اب جو مرضی کر کے دیکھ لیں، سینیٹ کے الیکشن بھی ہو جائیں گے، حکومتی ارکان کو حمایت بھی حاصل ہو جائے گی لیکن عوام نئے پاکستان کو دیکھتے رہیں گے۔