کراچی(نمائندہ جسارت)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بڑی بیٹی بختاور زرداری ، محمود چودھری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔تقریبِ نکاح میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد شریک ہوئے۔ سابق صدر آصف علی زرداری
نے اپنی بیٹی بختاورکو رخصت کیا۔سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور زرداری کا ولیمہ 30 جنوری کو ہوگا۔ذرائع کے مطابق تقریب میں صرف دونوں خاندان کے افرادشرکت کریں گے، کراچی کی تقریب میں کسی سیاسی جماعت کے قائد یا سرکاری لوگوں کومدعونہیں کیاگیا۔محمود چودھری کے ساتھ نکاح کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں تھی جس میں قریبی رشتے دار وں کے علاوہ دولہا دلہن کے بیرون ملک سے آئے دوستوں سمیت ڈاکٹر عاصم حسین، انور مجید، شیری رحمان، شازیہ مری، فیصل سخی بٹ اور دیگر افراد شریک ہوئے۔بختاور کا نکاح ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے مولانا غلام محمد سوہو نے پڑھایا۔ اس موقع پر بلاول ہاؤس کی سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق بختاورکی شادی سے متعلق چند دن بعداسلام آباد، لاہور اور لاڑکانہ میں بڑی تقاریب ہوں گی، اسلام آبادکی تقریب میں سیاسی جماعتوں کے قائدین، سرکاری افسران کومدعوکیاجائیگا۔ذرائع کے مطابق لاڑکانہ میں ہونیوالی تقریب میں بھٹو اور زرداری خاندان سمیت دیگر کو مدعو کیا جائے گا، جبکہ لاہورکی تقریب میں سیاسی شخصیات،پارٹی قائدین اور دیگر کو مدعوکیاجائے گا۔