عثمان کاکڑ کا شیخ رشید کیخلاف تحریک استحقاق لانے کا اعلان

450

اسلا م آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کے مسائل کے چیئرمین سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے ایک ریلوے منصوبے پر پارلیمان سے وعدہ ایفا نہ کرنے پر شیخ رشید کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا اعلان کردیا۔ کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ لاجز میں ہوا۔ ریلوے حکام کی جانب سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ 2.5 ارب روپے لاگت کاہرنائی تا سبی ریلوے کی بحالی کا منصوبہ تقریباً 90 کلو میٹر کام امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے۔ کمیٹی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے فلور آف دی ہاؤس پر جنوری 2019ء میں ہم سے وعدہ کیا تھا کہ 3 ماہ میں یہ ریلوے سروسز بحال ہوجائیں گی، سابق وزیر ریلوے کیخلاف تحریک استحقاق کا نوٹس جاری کریں گے۔ کمیٹی نے وزارت ریلوے کو 4 ماہ میں ریلوے سروسز بحال کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ اور ہدایت دی کہ امن وامان کا مسئلہ حل کرنے کیلیے مقامی لوگوں کو ریلوے کی سیکورٹی فورس میں بھرتی کرنے کیلیے انتظامات کیے جائیں۔