مشکوک ٹرانزیکشن کیس، زرداری کی عبوری ضمانت میں توسیع

177

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے کیس میں سابق صدرآصف زرداری کی عبوری ضمانت میں 3فروری تک توسیع کردی۔ جمعرات کواسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی، اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی حکم پرقائم میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ پیش کردی۔ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کی صحت کوغیرتسلی بخش قرار دے دیا۔جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ میں تو لکھا ہے کہ آصف زرداری کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔ سابق صدرکے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو وہی بیماری بتائی جس پر انہیں جیل سے ضمانت ملی تھی۔آصف زرداری کی صحت اب بھی تشویشناک ہے اس لیے انہیں ضمانت دی جائے۔فاروق نائیک کی استدعا پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ پہلے نیب کو میڈیکل رپورٹس لینے دیں ۔اسلام ہائیکورٹ نے میڈیکل رپورٹس پر 3 فروری کو دلائل طلب کر لیے۔عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ میڈیکل رپورٹس پردلائل کے بعد ضمانت کا فیصلہ ہو گا۔