وزیراعظم نے 11 ہزار ارب قرض لیکر قوم کو مہنگائی دی، احسن اقبال

264

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے آکر ترقی کے تسلسل کو توڑ دیا ہے، تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کو پیچھے دھکیل دیا، ہم نے قرض لے کر کام کروائے، اور جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا، آپ نے 11 ہزار ارب قرضے لے کر قوم کو مہنگائی دی ہے، عمران خان نیازی کو حکومت چلانے کی سمجھ نہیں اور سب کچھ پچھلی حکومت پر ڈال دیتے ہیں، عمران خان نظام ناکارہ قراردے کرجان چھڑانے کی کوشش کرتے
ہیں، آپ جس نظام کے بوسیدہ ہونے کی بات کرتے ہیں، اسی سے ہم نے سب سے بڑی ترقی کرکے دکھائی۔ جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم اور وزراء نے جو خطاب کیے ان کا جواب ضروری ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی تقریر ایسی تھی جیسے کنٹینر پر خطاب ہو، وزیراعظم نے خطاب میں ایک بار پھر قوم کو لیکچر سنایا، مسٹر یوٹرن آپ خودہی پر لیکچر دینے کا کیا حق رکھتے ہیں؟ ن لیگ کی قیادت نے یو ٹرن نہیں لیا، ہم نے دفاعی بجٹ دیا، سی پیک منصوبوں پر کام کر کے دکھایا، توانائی کا بحران حل کیا، ایل این جی ٹرمینل جو 10 سال سے نہیں لگ رہا تھا ہم نے 10 ماہ میں لگا کر دکھایا، عملی کام کر کے دکھائے۔ مسٹر یو ٹرن آپ نے تو خود کہا تھا کہ میں آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا خود کشی کر لوں گا لیکن آپ کے قوم سے کیے گئے وعدے کہاں گئے؟ دنیا میں کوئی مثال موجود نہیں کہ کسی معیشت نے 2 سال میں 6 فیصد کریش کیا ہو۔