سکھر، ٹریفک جام کا مسئلہ حل نہ ہوسکا،راہگیروں کو بھی مشکلات

366

210129-11-
سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل نہ ہوسکا، سڑکوں پر بے ترتیب اور نو پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں مسلسل خلل پڑنے سمیت کئی کئی گھنٹوں ٹریفک جام ہونا معمول بنتا جارہا ہے جبکہ سکھر میونسپل کارپوریشن کی غفلت کے باعث مصروف ترین تجارتی مرکز گھنٹہ گھر، اسٹیشن روڈ، گلیمر موبائل مارکیٹ، رشنا مارکیٹ، گھنٹہ گھر چاڑی، پوسٹ آفس، مینارہ روڈ، نیم کی چاڑی، شالیمار روڈ، شہید گنج، بیراج روڈ، شکارپور روڈ، ریس کورس روڈ، ایوب گیٹ، اناج بازار، نیو گوٹھ سمیت شہر کے اکثر علاقوں میں ٹریفک جام کی وجہ سے نا صرف پیدل چلنے والوں بلکہ تجارتی و کاروباری مراکز میں خریداری کے لیے آنے والے افراد کو بھی آمدورفت و خریداری میں شدید دشواری اور پریشانی کا سامنا ہے۔ گھنٹہ گھر چوک اور اس کے اطراف میں منظور شدہ پارکنگ ایریا سے زائد رقبے پر موٹر سائیکل اور گاڑیاں کھڑی کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے اکثر ٹریفک جام رہتا ہے۔ شہریوں سمیت سماجی حلقوں نے کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ، ایس ایس پی اور متعلقہ محکموں کے افسران سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فی الفور شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرکے شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔