عمران خان اپنا 300 کنال کا محل گروی رکھوادیں، احسن اقبال

117

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان قومی جائیدادیں گروی رکھنے کے بجائے 300کنال کے محل کو پیش کریں،اس وقت پاکستان کی تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت ہے جو دیانتداری کا لیبل لگا کر دونوں ہاتھوں سے ملک لوٹ رہی ہے، ان کا ہر وزیر بدترین کرپشن میں ملوث ہے۔نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے خلاف احتساب کے نام پر جو مہم جوئی کی گئی وہ قیاس آرائیوں اوراخباری بیانات پر مبنی تھی اور اسی کی ایک جھلک نارووال اسپورٹس سٹی کا کیس بھی ہے جو ایک گمنام اخبار کے تراشے کے اوپر شروع کیا گیا۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم دفتروں میں کرسیوں پر بیٹھ کر مزے نہیں لیتے رہے بلکہ ہم نے پیچھا کر کے منصوبوں کو مکمل کرایا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج ملک کے چپے چپے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے ترقیاتی منصوبے نظر آرہے ہیں، بوگس ریفرنس صرف ہماری کردار کشی کے لیے بنائے جارہے ہیں۔ملک کو اس نالائق اور نااہل حکومت کے ہاتھوں جو نقصان پہنچ رہا ہے وہ ناقابل بیان ہے، حکومت نے وہ معاشی ڈھانچا ہی گرادیا جس کے اوپر سی پیک کی عمارت کھڑی ہونی تھی۔