کوئٹہ( آن لائن) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے بعد ن لیگ نے بھی مولانا فضل الرحمن پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے، بلاول زرداری کے بعد مریم صفدر نے بھی سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرکے پی ڈی ایم کے فیصلوں کی نفی کردی ، آر یا پار کا اعلان کرنے والی مریم صفدر نے پی ڈی ایم کے فیصلوں پرمفادات
کی آری چلا کر آر پار کردیا، حکومت کو اسمبلی سے نکالنے والے خود دھاندلی زدہ اسمبلی میں جانے کے لیے بے تاب ہیں، اسپیکر کے منہ پراستعفے مارنے والے اب خود کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے، مولانا فضل الرحمن کی جیب میں بھی کچھ ’’اپنوں ‘‘ کے استعفے تھے شاید مریم اور بلاول کے ہاتھوں مولاناکی جیب کٹ چکی ہے۔وہ جامعہ مطلع العلوم کوئٹہ میں ملک بھر سے آنے والے جے یو آئی پاکستان کے سینئر اراکین کو دیے گئے عشائیہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر ترین رہنما مولانا محمد خان شیرانی، مولانا گل نصیب خان، مولانا شجاع الملک، پیر عالم زیب شاہ، عبدالوحید، حافظ فضل محبوب اور دیگررہنما بڑی تعداد میں موجود تھے۔