غیر مناسب لباس میں پیشی، عدالت عظمیٰ ڈپٹی کمشنر لاہور پر برہم

257

لاہور (نمائندہ جسارت) عدالت عظمیٰ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کے غیر مناسب لباس میں عدالت میں پیش ہونے پر سخت برہم، ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے غیر مشروط معافی مانگنے کی استدعا مسترد کردی، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کو فوری عدالت طلب کرلیا گیا، تاکہ چیف سیکرٹری پنجاب کو دکھایا جاسکے کہ ان کے افسران کس لباس میں پیش ہوتے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس قسم کے افسران کو عوامی اہم عہدوں پر کیوں تعینات کردیا جاتا ہے؟
آپ عدالتی امور کے سلسلے میں غیر سنجیدہ افسر ہیں۔ سینئر جج منظور احمد ملک کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے لاہور رجسٹری میں بغیر ہیلمٹ شہریوں کو پیٹرول کی عدم فراہمی سے متعلق ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے خلاف سماعت کی۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور سے استفسار کیا کہ انہوں نے کس قانون کے تحت ہیلمٹ کے بغیر شہریوں کو پیٹرول نہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا؟ عدالتی استفسار پر ڈپٹی کمشنر خاموش رہے۔ عدالت نے پوچھا کہ اگر کوئی شہری بغیر ہیلمٹ کے بازار جائے تو کیا اسے خوراک یا ادویات نہیں دی جائیں گی؟ اس پر بھی ڈپٹی کمشنر نے کوئی جواب نہیں دیا۔