براڈ شیٹ سے جو نکلے گا اپوزیشن کو لپیٹ میں لے گا ، شیخ رشید

321
کراچی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید پاکستان کوسٹ گارڈ ہیڈ کوارٹرز پر یادگار شہدا پر پھول چڑھا رہے ہیں

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ براڈشیٹ پاناما پلس اور پاناما ٹو ثابت ہو گا اور براڈ شیٹ سے جو نکلنے جا رہا ہے وہ اگلے الیکشن میں اپوزیشن کو لپیٹ میں لے گا۔جمعہ کو کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے جو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا حشر ہوا ہے، لانگ مارچ میں بھی وہی ہو گا، اپوزیشن فضول کاموں میںقوم کا
وقت ضائع کررہی ہے، مناظرے سیاسی اور آئینی معاملات پر نہیں ہوتے ہیں،شہدا کی قربانیوں سے ہی کراچی کی رونقیں بحال ہوئیں، سیاست اپنی جگہ مگر کراچی کی بہتری کے لیے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ ختم نبوت کے خلاف ترمیم مسلم لیگ(ن)لائی تھی اور مولانا فضل الرحمن کی پارٹی نے قومی اسمبلی میں اس کو ووٹ دیا اور انہوں نے 72 گھنٹے میں ترمیم واپس لی ۔ براڈشیٹ اسکینڈل کمیشن کے سربراہ مقرر کیے گئے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کے تقرر کو اپوزیشن کی جانب سے مسترد کیے جانے کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پہلے پڑھوا لیں کہ کیا شیخ عظمت کبھی نیب کے پراسیکیوٹر رہے ہیں اور شیخ عظمت نہ لگائیں تو کیا جسٹس قیوم کو لگائیں ۔ انہوںنے کہا کہ یہ قیامت کی نشانی ہے کہ مولانا فضل الرحمن قائد اعظم کے مزار پر خطاب کررہے ہیں اور قائد اعظم کے وقت میں جو ان لوگوں نے قائد اعظم کو کہا وہ میں نہیں کہوں گا لیکن تاریخ پڑھنے والے دیکھیں کہ انہوں نے قائد اعظم کو پاکستان بننے سے پہلے کیا کہا، یہ داتا دربار نہیں جاتے، یہ تو گولڈن ٹیمپل جانے والے لوگ ہیں۔