اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما حمزہ شہباز شریف کی ضمانت کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ہے۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس سردار طارق مسعود نے حمزہ شہباز شریف کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیس میرٹ پر لڑنا چاہتے یا ہارڈشپ کی بنیاد پر؟ جس پر حمزہ شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم ہارڈشپ پر ضمانت مانگ رہے کیونکہ ایک سال 7 ماہ سے میرا مؤکل جیل میں ہے، اس وقت حالات اور تھے گرفتاری کو ایک سال سے کم عرصہ ہوا تھا۔جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ میں ہارڈشپ کا ذکر ہی نہیں کیا گیا تو عدالت کیسے ہارڈشپ کا مسئلہ دیکھ سکتی ہے، احتساب عدالت کی رپورٹ کے بعد مناسب ہوگا ۔ ہائیکورٹ سے رجوع کریں۔ بعد ازاں عدالت نے حمزہ شہباز کے وکیل کی جانب سے درخواست ضمانت واپس لینے پر کیس کو نمٹا دیا۔