برطانیہ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد

470

برطانیہ میں رہنے والے ہوجائیں ہوشیار، کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر بھاری جرمانہ دینا پڑے گا.

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی حکومت نے کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر جرمانے کا اعلان کردیا ہے، لاک ڈاوَن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو8 سو پاوَنڈ جرمانہ ادا کرنا ہوگا.

دوسری جانب لندن میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث لندن کی مسافر بسوں کو عارضی ایمبولینس میں تبدیل کیا گیا ہے، مسافر بسوں کی سیٹیں اتار کر آکسیجن سمیت دیگر طبی آلات نصب کردیے گئے ہیں اور ایک مسافر بس ایمبولینس سروس میں دو مریضوں کو منتقل کیا جاسکے گا.

خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 35 لاکھ 43 ہزار 646 ہونے کے ساتھ ساتھ اموات کی مجموعی تعداد 94 ہزار 580 ہوگئی ہے.

واضح رہے کہ دنیا بھرمیں پھیلنے والا جان لیوا کورونا وائرس سے 9 کروڑ 80 لاکھ 89  ہزار 877 افراد متاثر، 21 لاکھ 404 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ 7 کروڑ 4 لاکھ 67 ہزار 102 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔