نیب گواہان کے بیانات پر جرح کے لیے شہباز شریف کے وکلا طلب

155

لاہور (آن لائن) احتساب عدالت نے شہباز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ و آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت26 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کے دو گواہان کے بیانات پر جرح کے لیے شہباز شریف کے وکلاکو طلب کرلیا۔ ایڈمن جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ بدھ کے روز عدالتی سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سکیورٹی حصار میں سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے عدالت میں پیش کیا گیا ۔دوران سماعت نیب کے گواہ بلال ضمیر نے حمزہ شہباز سمیت تینوں بہن بھائیوں کے خلاف بیان قلمبند کرایا اور عدالت کو بتایا کہ میں نے نیب آفس میں تینوں بہن بھائیوں کا بنک اسٹیٹمنٹ اور ٹیکس کا ریکارڈ جمع کروایا ہے ،تمام دستاویزات باقاعدہ تصدیق شدہ تھے، میں نے تفتیشی افسر اور دو گواہوں کی موجودگی میں تینوں کا ریکارڈ جمع کروا یا ہے۔ عدالتی اجازت پر شہباز شریف نے کہا کہ میرے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتے ۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، سلیمان ، بیٹی رابعہ عمران ،داماد ہارون یوسف کے اثاثے بھی قرق کرلیے ہیں۔عدالت نے اس ریفرنس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز ، سلیمان شہباز ، رابعہ عمران اور ہارون یوسف کا کیس دیگر ملزمان سے الگ کر دیا ہے۔