جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز قومی ٹیم کل سے پریکٹس کا آغاز کرے گی

415

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کرکٹ سیریز کے سلسلے میں ۔قومی ٹیسٹ اسکواڈ لاہور سے کراچی پہنچ گیا۔پی سی بی کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرکٹرز، اسپورٹ اسٹاف اور امپائرز سمیت دیگر عملہ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے منگل کو لاہور سے کراچی پہنچا ۔ہوٹل میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی جس کے نتائج آج آئیں گے۔ اس سے قبل ان تمام ارکان کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 13 اور 16 جنوری کو ان کے اپنے شہروں میں ہوئی تھی۔ تمام کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ۔قومی اسکواڈ کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کراچی میں ہوئی ۔ کوویڈ 19 ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد قومی ٹیسٹ اسکواڈ کل جمعرات سے ٹریننگ کا آغاز کرے گا۔ جنوبی افریقا اور پاکستان کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔50افراد پر مشتمل چارٹرڈ فلائیٹ میں کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے علاوہ اسکواڈ میں شامل ارکان کے اہلخانہ، امپائرز، ڈاکٹر اور دیگر ضروری عملہ کراچی پہنچے ۔ کراچی میں موجود کھلاڑی، اسپورٹ اسٹاف اور ان کے اہلخانہ اپنے گھروں سے ہی منگل کو ہوٹل پہنچے۔نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے 2 کوچز، ثقلین مشتاق اور محمد یوسف بھی اسی چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے کراچی پہنچے۔گرانٹ بریڈ برن پہلے ہی کراچی میں موجود ہیں، یہ تینوں کوچز کراچی میں پاکستان کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کی ٹریننگ کا جائزہ بھی لیں گے۔ ان تینوں کوچز کو3 فروری سے لاہور میں شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے ٹریننگ کیمپ کی نگرانی کرنی ہے کیونکہ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا اسپورٹ اسٹاف4 فروری سے رولپنڈی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں میں مصروف ہوگا۔لاہور پہنچتے ہی قومی کرکٹ ٹیم کا اسپورٹ اسٹاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریوں کا آغاز کردے گا۔