تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران میں جاری بری فوج کی مشقوں کے دوران چھاتا برداروں نے عسکری تربیت کا مظاہرہ کیا۔ ذرائع ابلا غ کے مطابق اقتدار 99نامی مشقوں سے قبل ایرانی بحریہ نے ڈرونز اور کئی میزائلوں کے تجربات کیے تھے۔ عالمی مبصرین ایرانی فوج کی جانب سے طاقت کے مظاہرے کو امریکا اور اسرائیل کے نام واضح پیغام قرار دے رہے ہیں۔ اقتدار 99کا انعقاد مکران کے ساحلوں پر کیا جارہا ہے۔ ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی، بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیر کیومرث حیدری اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام نے مشقوں کا جائزہ لیا۔ مشقوں کا مقصد خطرات کے مقابلے میں بری فوج کی دفاعی صلاحیتوں اور مہارتوں کا جائزہ لینا ہے۔ تربیتی پروگرام میں شیراز ائر بورن بریگیڈز، اسپیشل فورسز، ریپڈ ری ایکشن اور ائر فورس کے اہل کار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ اس سے قبل ایران نے بحر ہند میں جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائلوں کے کامیاب تجربات کیے تھے اور اس دوران ایک فرضی ہدف کو نشانہ بنایاگیا تھا۔