دوحہ (انٹرنیشنل ڈیسک) قطر نے خلیجی ممالک کو ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی۔ امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمن الثانی نے کہا ہیکہ انہیں امید ہے کہ خلیجی ممالک جلد ایران کے ساتھ سفارتی مذاکرات شروع کریں گے۔ انہوں نے ان مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دوحہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا میں نئی انتظامیہ آرہی ہے۔ قطری وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم ایران اور امریکا میں مذاکرات کے لیے سہولت کاری کی بھی پیشکش کرتے ہیں۔ قطر امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا بھی خواہشمند ہے۔ ایران امریکا مذاکرات کا جو بھی کہے گا، اس کی حمایت کریں گے۔ خیال رہے کہ قطری وزیر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یہودی داماد اور مشیر برائے مشرقِ وسطیٰ جیرڈ کشنر کی مسلسل کوششوں سے سعودی عرب کی زیرقیادت متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کا بائیکاٹ ختم کیا ہے۔ ان ممالک نے 2017ء میں قطر کا بائیکاٹ کرتے ہوئے جو مطالبات کیے تھے، ان میں ایران سے تعلقات ختم کرنا بھی شامل تھا۔