کٹھ پتلی نے استعفا نہ دیا توعوام چھین لیں گے‘ بلاول زرداری

193

 

عمر کوٹ(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس کا جواب دینا پڑے گا، پی ٹی آئی کو بھارت اور اسرائیل
سے فنڈنگ ہوئی۔ اس کٹھ پتلی کو استعفا دینا پڑے گا ورنہ عمر کوٹ کے عوام اسلام آباد پہنچ کر اس سے استعفا چھین لیں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے عمر کوٹ میں ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کی خوشی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو گھر نہیں بھیجیں گے تو عوام کے ساتھ ظلم کو کون روکے گا، عمر کوٹ کے عوام نے سلیکٹڈ کو ریجیکٹڈ کر دیا، عوام نے کٹھ پتلی کو بھگا دیا، عمر کوٹ کے عوام نے بتا دیا ووٹ صرف تیر کا ہے، عمر کوٹ کے عوام نے دشمن طاقتوں کو جواب دے دیا، جو کل مشرف کے ساتھ کھڑے تھے آج عمران خان کے ساتھ ہیں۔ بلاول کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کو سیکورٹی رسک قرار دیا، ہماری حکومتوں کو ختم کیا گیا، اشاروں پر حکومت بنانے والے عوام کی خدمت نہیں کرتے، پی ٹی آئی حکومت فارن فنڈنگ سے آئی، انہیں بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوئی ہے،ہر پاکستانی سوال کررہا ہے کہ الیکشن کمیشن 2014ء سے آج تک یہ کیوں نہیں بتا سکا کہ پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ کیوں ہورہی ہے، اسرائیل اور بھارت کے کون شہری ہیں جو عمران خان کو پیسے دیتے رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ جوکر کرپشن کا شور کرتا تھا، جگہ جگہ جا کر کرپٹ کرپٹ کا رونا روتا تھا،خود ہی کرپٹ نکلا، پوری کی پوری جماعت کرپٹ نکلی۔ آج تک پاکستان کے عوام کو آٹا چوری اور چینی چوری کی کرپشن کا کوئی جواب نہیں ملا، ہم انصاف مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ سے سلیکٹڈ کو بھگا دیا ہے ، اب پورے ملک سے بھگانا پڑے گا۔ آپ کے ووٹ چھین کر جسے وزیراعظم بنایاگیا وہ نااہل اور نالائق ہے اور 2 سال کے عرصے میں عوام کا جینا حرام کردیا۔