کراچی میں اسرائیل نامنظور کے بینرز کا مقصد سیاسی ہے، شاہ محمود

374

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کراچی میں اسرائیل نامنظور بینرز سیاسی مقاصد کیلیے لگائے جارہے ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطے کی صورتحال اور پی ڈی ایم کے احتجاج کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلسل بھارت کا اصلی چہرہ دکھا رہا ہے، 14 نومبر کو ڈوزیئر میں ہم نے بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی معاونت کے ناقابلِ تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں، یورپی یونین ڈس انفولیب کی حالیہ چشم کشا انکشافات پر مبنی رپورٹ نے ہمارے تحفظات پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کیلیے جھوٹی پراپگنڈہ مہم شروع کی، ارنب گوسوامی کی ‘‘چیٹ ‘‘منظر عام آنے پر پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہوگیا، جو بھارت نے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے رچایا، بھارت کی بی جے پی سرکار نے الیکشن کی راہ ہموار کرنیکیلیے اپنے ہی 40 فوجیوں کی جان لے لی، دہلی میں غیر ذمہ دار حکومت قائم ہے جو سیاسی مقاصد کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھارت کو خطے میں نقص امن کا ذمہ دار ٹھہرائے ، دنیا جان چکی ہے کہ وہ بھارت جسے وہ سیکولر ریاست سمجھتے تھے اس پر ایک فاشسٹ ہندوتوا حکومت مسلط ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کراچی میں اسرائیل نامنظور کے بینرز سیاسی مقاصد کے لیے لگائے جا رہے ہیں، جب حکومت، فلسطین کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کر چکی ہے تو پھر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ پی ڈی ایم اپنی صفوں میں بڑھتے ہوئے انتشار کو چھپانا چاہتی ہے اور اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانا چاہتی ہے ، کراچی میں کچھ عناصر احتجاج کیلیے مدرسے کے طالب علموں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، یہ ملک اور معیشت کیلیے صحیح قدم نہیں ہے، مجھے یقین ہے کہ کراچی کے باشعور شہری ان کی طرف توجہ نہیں دیں گے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے وہ پی ڈی ایم کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کر رہی ہے، استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی دو ٹوک فیصلہ سنا چکی ہے کہ وہ استعفے نہیں دیں گے، لانگ مارچ کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی گو مگو کی کیفیت میں ہے، پی ڈی ایم کا بیانیہ پاکستان کی دشمن قوتوں کے بیانیے سے مطابقت رکھتا ہے، پی ڈی ایم نہ چاہتے ہوئے بھی پاکستان مخالف قوتوں کے بیانیے کو ہوا دے رہی ہے۔