ٹھٹھہ( نمائندہ جسارت)بھارتی جیل میں کئی سالوں سے قید نوجوان کی آزادی کے لیے حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیا وارث سخت پریشان مدد کی اپیل ۔ٹھٹھہ کے قریب گائوں بوڑو جاکھرو کی رہائشی رانی جاکھرو نے مکلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرا نوجوان بیٹا محمد یوسف ولد مرحوم طالب جاکھرو 8 سال قبل مچھلی کے شکار پر سمندر میں لانچوں پر گیا تھا جوکہ ابھی تک واپس نہیں لوٹا اس کی تلاش میں کیٹی بندر،کھارو چھان شاہبندر کراچی گوادر جاکر اب تھک گئی ہوں مگر میرے جگر کے ٹکڑے کا کوئی پتا نہیں چل سکا مگر ابھی چند روز قبل بھارت کی قید سے رہائی پاکر واپس آنے والے جاتی کے مچھیرے یوسف نے بتایا کہ یوسف جاکھرو نامی نوجوان بھارت کی جیل میں ہے اور اس کی سزا بھی پوری ہوچکی ہے مگر اس کی سنبھال کرنے والا کوئی نہیں جس کی وجہ سے وہ وہاں بے یارومددگار پڑا ہے ۔رانی جاکھرو نے کہا کہ مجھے سن کر خوشی ہوئی کہ میرا بیٹا زندہ ہے مگر وہ وہاں بے یارومددگار پڑا ہے جس کا مجھے بے حد صدمہ ہے میری حکومت پاکستان یہاں کے منتخب نمائندوں اور ماہیگیروں کے لیے کام کرنے والے اداروں سے اپیل ہے کہ وہ میری بیٹے یوسف کو بھارت سے پاکستان لانے میں فوری مدد کریں تاکہ میں اپنی زندگی کے آخری لمحات میں اپنے بیٹے کو دیکھ سکوں۔