پی ٹی آئی نے بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ حاصل کی،احسن اقبال

182

اسلام آباد( آن لائن )مسلم لیگ (ن)کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی درخواست ایک جھوٹی ایف آئی آر سے زیادہ نہیں، تحریک انصاف نے بیرون ملک کمپنیاں بنائی اور پاکستان دشمن لابیز بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ حاصل کی،پاکستان کی تاریخ کا فارن فنڈنگ کیس کا فراڈ سامنے آچکا ہے،الیکشن کمیشن کو 2018کے انتخابات کو کالعدم قرار دینا چاہیے۔پیر کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال اور محسن شاہنواز نے الیکشن کمیشن کے سامنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کے پیسے سے تحریک انصاف نے ملک میں عدم استحکام پیدا کیا،امید کرتا ہوں الیکشن کمیشن عمران خان کو نااہل قرار دے گا، عمران خان خودہنڈی کے ذریعے فالودے والوں کے نام پیسے منگواتے رہے،عمران خان کو جو این آر او ملا ہوا ہے وہ ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی درخواست ایک جھوٹی ایف آئی آر سے زیادہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہم نے بیان دیا ہے کہ ہم نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈنگ حاصل نہیں کی،ہم نے اپنے ڈونرز اور اکائونٹس کی تفصیلات پیش کردی ہیں۔