لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) سندھ کی قوم پرست جماعت جئے سندھ قومی محاذ بشیر خان گروپ کے قومپرست کارکن ذوالفقار بھٹو نے اپنے 22 ساتھیوں کے ہمراہ قومی دھارے میں شامل ہوکر قومپرست جماعت جسقم سے لاتعلقی کا اظھارکردیا، لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ذوالفقار بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمیں سہانے خواب دکھاکر قومپرستی کی جانب راغب کیا گیا لیکن آج سے ہمارا کسی بھی قومپرست جماعت سے تعلق نہیں، قومی دھارے میں رہ کر مثبت کردار اداکرکے ملک و قوم کو فائدہ پہنچائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قومپرست رہنما بیرون ملک رہ کر دشمن ایجنسیوں کے ساتھ کام کرتے ہیں آج ہم سب کو احساس ہوچکا ہے کہ پاکستان نے ہمیں حقوق اور پہچان دی ہے پاکستان کا پرچم ہاتھوں میں تھام کر ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرینگے، مضبوط پاکستان ہی سندھ کی ضمانت ہے، ذوالفقار بھٹو کے ہمراہ حمیر بھٹو، عدنان بھٹو، عبدالوھاب جاگیرانی، آصف کھاوڑ، اور سھیل میمن سمیت دیگر کارکنان نے بھی قومی دھارے میں شمولیت اختیار کی۔