ملتان (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کا نقطہ نظر تبدیل ہو گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جو باتیں ہم گزشتہ 2سال سے کہتے چلے آ رہے تھے آج دنیا ان کی تائید کر رہی ہے۔ برطانوی پارلیمنٹیرینز نے واضح کر دیا کہ کشمیر عالمی سطح پر متنازع مسئلہ ہے ۔یہ یقینا ہمارے سفارتی نقطہ نظر کی بہت بڑی کامیابی ہے۔یہ امر کشمیریوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعثِ ہے اس آواز سے بھارت کا چہرہ مزید بے نقاب ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں دیر پا قیام امن کے لیے مصالحانہ کردار ادا کیا ۔ بھارت افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں ایک سپائیلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ وہ افغان سر زمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے۔ ہم افغان حکام کو بھی اس صورت حال سے آگاہ کر چکے ہیں اور ان شواہد کو دنیا کے سامنے بھی مسلسل رکھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پہلے دن سے کہ رہے ہیں پی ڈی ایم اندرونی انتشار کا شکار ہے۔استعفوں لانگ مارچ اور بہت سارے معاملات میں اختلافات عوام کے سامنے ہیں۔ ن لیگ کے اندر مختلف آراہم سے ڈھکی چھپی نہیں۔جے یو آئی 2 دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔پی ڈی ایم کی صفوں میں مایوسی پھیل چکی ہے اپنے کارکنوں کو تسلی دینے کے لیے وہ جلسے منعقد کر رہے ہیں تاکہ یہ مایوسی زیادہ نہ بڑھے۔ وزیر اعظم عمران خان واضح کہہ چکے ہیں لٹیروں کو این آر او نہیں ملے گا۔