وفاقی وزیر مذہبی امور سے ایرانی سفیر کی ملاقات‘اہم امور پر گفتگو

236

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری سے پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے وزارت مذہبی امور میں ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے ایران پاکستان دوطرفہ تعلقات، مذہبی و ثقافتی شعبوں میں تعاون اور دشمن قوتوں کے خلاف اسلامی ممالک کے اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں دونوںممالک کے مابین مذہبی سیاحت کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پرپیر نورالحق قادری نے کہاکہ ایران اور پاکستان ہمیشہ کسی بھی صورتحال میں ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ واریت کو بھڑکانے والی سازشوں کو علما نے ناکام بنا دیا۔ پاکستان نے اسلامی ممالک کے مابین ہمیشہ اخوت، دوستی اور اعتدال کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے اور وزیر اعظم نے بھی اسی طرز عمل کے ساتھ کشیدگی کم کرنے میں مدد کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین کبھی بھی کوئی تنازع نہیں ہوا، ایران عراق کے لیے نئی زیارت پالیسی کا مسودہ پاکستانی حکومت کی کابینہ میں زیر غور ہے اور توقع ہے کہ اگلے ہفتے اس کی منظوری دی جائے گی۔ سید محمد علی حسینی نے کہا کہ ایران پاکستان کے مابین دوستی اور باہمی رابطے کا محور اسلام ہی ہے۔