ٹھٹھہ، منتخب نمائندوں کی سول اسپتال مکلی کیخلاف شکایات

235

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر محکمہ صحت کی انکوائری ٹیم سول اسپتال مکلی پہنچ گئی، کئی انکشافات سامنے آگئے۔ گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ٹھٹھہ دورے کے موقع پر پیپلز پارٹی کے ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی، سابقہ ضلعی ناظم سید شفقت شاہ شیرازی اور دیگر نے سول اسپتال مکلی ٹھٹھہ کے حوالے سے شکایات کیں تھیں جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سخت نوٹس لیا تھا اور اس سلسلے میں ایک انکوائری ٹیم تشکیل دی تھی۔ انکوائری ٹیم جس میں محکمہ صحت ڈویژنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالحمید سومرو، ڈائریکٹر ڈاکٹر نذیر احمد اور ڈاکٹر رخسانہ چنڑ شامل تھیں پیر کے روز سول اسپتال مکلی پہنچ گئیں۔ ابتدائی تحقیقات میں پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں کا نظام چلانے والی این جی اوز مرف کے بارے میں انکشافات ہوئے کہ ایمرجنسی میں ماہر ڈاکٹروں کی تقرری کے باوجود ڈیوٹی پر نہ ہونے کے باعث حاملہ خواتین کو گائنی وارڈ میں غلط انجکشن اور ادویات دی جاتی ہیں۔ انکوائری ٹیم کے مطابق تحقیقات مکمل کرکے حتمی رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ اور محکمہ صحت کے بالا حکام کو بھیجی جائے گی۔