سکھر( نمائندہ جسارت)سکھر شہر میں جاری نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے و ترقیاتی کام کئی ماہ بعد بھی مکمل نہیں ہو سکے ہیں شہر کے مختلف تجارتی و کاروباری مراکز میں نکاسی آب نظام خراب ہونے کے ساتھ ساتھ پرانا سکھر،نمائش ،قریشی گوٹھ ،نیو پنڈ ،گڈانی پھاٹک روڈ سمیت دیگر علاقوں میں نالیاں اور گٹر ابلنے کے باعث گندا پانی سڑکوں پر جمع ہونا روز کا معمول بن گیا ہے۔ گڈانی پھاٹک روڈ سے نکاسی آب سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں سمیت وہاں سے گزرنے والے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ شکایات کے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ نکاسی آب کے نظام کی درستگی سمیت ترقیاتی کام مکمل کرنے کیلیے کوئی اقدام نہیں کیے جارہے ہیں۔ علاقہ مکینوں سمیت سماجی حلقوں نے بالا حکام سے نوٹس لے کر شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔