لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) جامعہ بے نظیر بھٹو انتظامیہ نے این سی او سی کے فیصلے کو نظر انداز کرکے امتحانات منعقد کرنے کا شیڈول جاری کردیا، طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ امتحانات ملتوی کیے جائیں۔ وفاقی وزارت صحت اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مشترکہ طور پر فیصلہ کرتے ہوئے کورونا وبا کے پیش نظر یکم فروری تک پاکستان بھر کی تمام میڈیکل یونیورسٹریز میں امتحانات ملتوی کر رکھے ہیں، تاہم شہید بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ انتظامیہ نے این سی او سی فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 18 جنوری کو امتحانات کا شیڈول جاری کردیا ہے اور جامعہ بے نظیر بھٹو کے ماتحت چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ، غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر اور انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز گمبٹ میں فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ ایئر ایم بی بی ایس بیچز 2017-18ء تا 2019-20ء کے اسٹوڈنٹس سے سالانہ تھیوری اور وائی واز کے لیے طلب کیا ہے۔ فیصلے کیخلاف شاگردوں نے بینرز اٹھا کر چانڈکا کالج کے آڈیٹوریم ہال کے باہر احتجاج کیا۔ اس موقع پر طلبہ کا کہنا یا کہ کورونا کے باعث ہم پہلے ہی ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں لیکن اس کے باوجود جامعہ بے نظیر بھٹو کی جانب سے امتحانات کا شیڈول جاری کرکے ہمیں مزید پریشان کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سالانہ امتحانات ملتوی کرکے ہمیں کوورنا وائرس سے بچایا جائے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جو اسٹوڈنٹ بھی جائز آواز اٹھاتا ہے انتظامیہ اسے سپلی لگا دیتی ہے۔ ٹرم بیک کر کے سال ضائع کیا جاتا ہے جبکہ پچھلے سال 26 سے زائد طلبہ کو سپلی لگی، جس کے باعث طلبہ سخت مایوسی کا شکار ہوگئے۔