دادو، بااثر افراد کی فائرنگ سے دولھا گولی لگنے سے زخمی

139

دادو (نمائندہ جسارت) اپنی خالہ کی بیٹی سے پسند کی شادی کیوں کی، بااثر افراد کی فائرنگ سے دولھا گولی لگنے سے زخمی۔ خدا آباد تھانے کی حدود میں گوٹھ سائیداد بھنڈ میں عرفان علی بھنڈ کی جانب سے اپنی خالہ کی بیٹی شاہدہ سے پسند کی شادی کرنے پر بااثر افراد کی جانب سے فائرنگ میں بازو میں گولی لگنے سے دولہے عرفان علی بھنڈ کے زخمی ہونے کیخلاف اور بااثر افراد کی گرفتاری کے لیے زخمی دولہے، دلہن، دلہن کے والد غلام قادر بھنڈ اور ماموں عبدالستار نے احتجاج کرنے کے ساتھ دادو پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ شادی کے باعث قاضی احمد سے تعلق رکھنے والے بااثر افراد غلام حیدر بھنڈ، محرم بھنڈ راہب اور دیگر ان کی جان کے دشمن بن گئے ہیں جنہوں نے فائرنگ کرکے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر فائرنگ کر کے عرفان کو زخمی کر دیا ہے اور خدا آباد تھانہ میں مقدمہ درج ہونے کے باوجود بااثر ملوث افراد کی عدم گرفتاری اور پولیس کی ملی بھگت کے باعث ان کی جان کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے اور انہیں قتل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بااثر افراد کو پولیس کی پشت پناہی حاصل ہے، جس کی وجہ سے وہ ہمیں مختلف معاملات پر پریشان کررہی ہیں انہوں آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی دادو سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا ہنگامی بنیاد پر نوٹس لے کر انصاف کیا جائے اور بااثر افراد سے تحفظ فراہم کرکے ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔