لاڑکانہ، غفلت اور ناقص کارکردگی پر 80 پولیس افسران و اہلکاروں کیخلاف کارروائی

145

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے عوامی شکایات، فرائض میں غفلت اور ناقص کارکردگی پر 80 پولیس افسران و اہلکاران کیخلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی پر 10 پولیس افسران واہلکاران کو انعامات واعزازات سے بھی نوازا گیا۔ سول لائنز، رحمت پور، اللہ آباد، ماہوٹا، وارث ڈنو، ویہڑ، سیہڑ سمیت 27 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو شوکاز نوٹس جبکہ متعلقہ تھانوں کے سپروائزر آفیسرز ڈی ایس پیز کو بھی ایکسپلینیشن جاری کردیا گیا ہے جبکہ اے ایس آئی علی گوہر اور اے ایس آئی محمد امین سمیت 15 دیگر پولیس افسران کیخلاف مختلف محکمانہ کارروائیاں کرتے ہوئے دو سال سروس ختم کرنے جیسی سزائیں دی گئیں۔ اسی طرح دو پولیس اہلکاروں امیر علی سومرو اور اشفاق احمد میمن کو نوکریوں سے برطرف کرتے ہوئے 25 اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ایس ایس پی نے ایس ڈی پی او نوڈیرو سید شاہ جہان شاہ انسپکٹر عبدالستار بھیو، انسپکٹر عبدالغفور چھٹو، انسپکٹر خادم حسین مگسی، اے ایس آئی الطاف عباسی، ہیڈ کانسٹیبل محمد صیفل گوپانگ، پولیس اہلکار سید جہان شاہ، امام الدین سانگی اور فقیر محمد شاہانی سمیت دیگر کو انعامات و اعزازات سے بھی نوازا۔ اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کا کہنا تھا کہ بہترین کارکردگی پر انعامات واعزازات سے نوازا جائے گا جبکہ ناقص کارکردگی اور لاپروائی برتنے والوں کو محکمانہ سزائوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔