سانحہ مچھ: وزیراعظم نے بھی کوئٹہ جانے کے لیے شرط رکھ دی

611

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہزارہ برادری آج میتیں دفنائیں، میں آج ہی کوئٹہ پہنچ جاؤں گا۔ تدفین کے لیے اس طرح بلیک میل کرنا مناسب نہیں۔

اسلام آباد مں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں پر سب سے زیادہ ظلم ہوا۔ جس طرح ہزارہ برادری پر ظلم ہوا، ایسا کسی پر نہیں ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مچھ میں مزدوروں کو بڑی بے دردی سے قتل کیا گیا۔ مچھ میں جب واقعہ ہوا تو وزیر داخلہ کو کوئٹہ بھیجا۔ حکومت ہزارہ برادری کے ساتھ  کھڑی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہزارہ برادری کے تمام مطالبے مان چکے۔ تدفین کے لیے وزیر اعظم کی آمد کی شرط رکھنا مناسب نہیں۔ دنیا میں کہیں اس طرح وزیر اعظم کو بلیک میل نہیں کیا جاتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت پاکستان میں فرقہ واریت پھیلانے کے درپے ہے۔ فرقہ واریت پھیلانے کے لیے دشمن سازش کر رہا ہے۔ کابینہ میں بتایا تھا کہ شیعہ علما کو قتل کر کے انتشار پھیلایا جائے گا۔