اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں 7سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم حیدر عرف پپو کی سزائے موت کے خلاف دائر اپیل مسترد کردی۔ جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ہائیکورٹ نے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا، میرے موکل کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا ڈی این اے میچ ہوا، ملزم نے زیادتی کے بعد بچی کو گلا دبا کر قتل کیا، بچی کے گلے سے ملنے والے نمونے بھی ملزم سے میچ ہوئے ہیں۔ عدالت عظمی نے7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم حیدر عرف پپو کی سزائے موت کے خلاف دائر اپیل مسترد کردی۔ واضح رہے کہ ملزم حیدر عرف پپو نے وہاڑی میں29 جون2016 ء کو7سالہ بچی کو زیادتی کے بعدقتل کردیا تھا۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم کو سزائے موت سنائی تھی، جسے ہائیکورٹ نے بھی برقرار رکھا۔ ملزم نے سزائے موت کے فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔