سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف نادرن سندھ سکھر ریجن کے جنرل سیکرٹری مبین احمد جتوئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندوں کی نااہلی کی وجہ سے شہر کا حال موہن جو دڑو جیسا ہوگیا ہے، شہریوں کو پینے کا پانی بھی میسر نہیں، اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی سکھر شہر کے تمام راستے ٹوٹے ہوئے ہیں۔ ایک بیان میں مبین جتوئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے سکھر شہر کو پیرس بنانے کا کہا تھا، سکھر میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی سڑکوں پر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نمائندوں نے سندھ میں کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا ہے۔ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود شہریوں کو پینے کا پانی بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی کرپشن کی وجہ سے سکھر میں جاری ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہیں۔ پرانا سکھر، رائل روڈ اور دیگر علاقوں میں ڈرینیج کی لائن بچھانے کے نام پر کھڈے کھود کر شہریوں کے لیے عذاب بنا دیا گیا ہے۔ پرانا سکھر کے اکثر راستے ٹوٹے ہونے کے باوجود عوام گزر بھی نہیں سکتے۔ سکھر میونسپل کے ایڈمنسٹریٹر نثار میمن، سابق میئر ارسلان شیخ کے نقش قدم پر چلنے سے عوام دشمن پالیسیوں پر عمل کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھر میں چلنے والے ترقیاتی کاموں کی انکوائری کروا کے کرپٹ اہلکاروں اور منتخب نمائندوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔