گلگت بلتستان پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، اسد قیصر

292

اسلام آباد ( آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے ،موجودہ حکومت گلگت بلتستان ترقی اور خوشحالی کے لیے پر عزم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی زیدی سے بات چیت کے دوران کیا۔جنہوں نے ان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان نذیر احمد بھی موجود تھے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا حکومت پاکستان گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی
کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے،اسد قیصر نے کہا سی پیک سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا سی پیک میں گلگت بلتستان کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان بے پناہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے جنہیں بروئے کار لا کر گلگت بلتستان کی ترقی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔