سانگھڑ (نمائندہ جسارت) پی ڈی ایم اے کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، ڈی سی سانگھڑ کرپشن میں ملوث ہیں، سیلاب متاثرین کے چار ارب کہاں گئے، عدالت عظمیٰ نوٹس لے، حلیم عادل شیخ۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے پریس کلب سانگھڑ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانگھڑ کے حلقہ پی ایس 43 کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کا امیدوار مشتاق جونیجو ہے جو پیپلز پارٹی کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سانگھڑ میں شازیہ مری اور ان کی بہن سینیٹر عینی مری وزیر اعلیٰ کے اختیارات استعمال کرتی ہیں، ان کے علاوہ یہاں سے جیتنے والے ڈیرو خاندان اور جونیجو خاندان کی بھی کوئی وقعت نہیں ہے۔ سانگھڑ کا ڈی سی شازیہ مری کا ذاتی ملازم ہے، یہاں پر کروڑوں روپے کا غبن کیا گیا ہے۔ ہمارا جام خاندان سے احترام کا رشتہ ہے، مقابلہ صرف پیپلز پارٹی کی کرپٹ مافیا سے ہے، ہم بھرپور الیکشن لڑیں گے۔ عمران خان نے ایک غریب ورکر کو ٹکٹ دیا ہے آپ سب ان کو ووٹ بھی دیں اور مالی مدد بھی کریں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی گاڑی کو آصف زرداری نے پنکچر کردیا ہے، اس کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، اس کی اسٹیرنگ سیٹ پر آصف زرداری بیٹھے ہیں، وہ کہتے ہیں ہم استعفے بھی نہیں دیں گے، الیکشن بھی لڑیں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے، حساب تو دینا پڑے گا، اب مولانا اینڈ کمپنی کو پیسے دے کر ملک کمزور کیا جارہا ہے۔ پی ڈی ایم کی ہنڈیا بھی بیچ چوراہے پر پھوٹے گی۔