لاڑکانہ، پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ڈاکو مقابلے میں ہلاک

328

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، پولیس نے مبینہ ڈاکو کو مارنے اور اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکو شہید پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث تھا، ورثا نے مقابلے کو جعلی قرار دیتے ہوئے معاملے کی جوڈیشل انکوائری کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ ولید کی پولیس نے حدود کے آریجہ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم کو مارنے اور اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایس پی آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت عبدالقادر عرف قادرو تنیو کے نام سے ہوئی ہے، باقرانی تحصیل کا رہائشی تھا جبکہ ہلاک ہونے والا ڈاکو حال ہی میں شہید ہونے والے پولیس جوان محمد رفیق بروہی والے کیس سمیت دیگر وارداتوں میں بھی ملوث و مفرور تھا، مبینہ مقابلے کے بعد پولیس نے لاش چانڈکا اسپتال منتقل کردی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ اس موقع پر مبینہ مقابلے میں مارے گئے عبدالقادر عرف قادرو کے ورثا بہن فرزانہ اور والدہ خدیت تنیو نے مقابلے کو جعلی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ عبدالقادر عرف قادرو چار بیٹوں اور چار بیٹوں کا والد جو ایک ہفتہ قبل کراچی سچل گوٹھ میں اپنی بیوی اور بچوں کو لے کر سالوں کے گھر گیا تھا نے الزام عائد کیا کہ لاڑکانہ پولیس نے ان کے موبائل نمبر کو ٹریس کرکے انہیں گرفتار کرنے کے بعد لاڑکانہ لاکر جعلی مقابلے میں قتل کیا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ جعلی مقابلے کی جوڈیشل انکوائری کرواکر ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب لاش ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔