اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی کشمیر اور کشمیریوں کا غدار، کشمیر کا سوداگر ہے، اگر ہماری حکومت آئی تو کشمیر کا سودا کرنے پر عمران نیازی کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کریں گے۔اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے چند سوال ہیں، پاکستان جب سے قائم ہوا اس وقت سے بھارت مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے، جب سے سلامتی کونسل نے قرار داد پاس کی بھارتی کی کسی حکومت کو کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے کی جرات نہیں ہوئی تھی۔انہوں نے مزید کہا 2019 میں اگست کی 5 تاریخ کو مودی سرکاری نے یکطرفہ طور پر کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کردیا۔احسن اقبال نے کہا کہ میرا عمران نیازی سے سوال ہے کہ کیا نیا پاکستان میں پاکستان کا دفاع اتنا کمزور ہوگیا تھا کہ مودی کو کشمیر ہڑپ کرنے کی جرات ہوئی اور اگر پاکستان کا دفاع کمزور نہیں ہوا تو ایسا کیوں کر ہوا۔ان کا کہنا تھا یہ صرف اس وقت کی ممکن ہے کہ جب عمران نیازی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس جا کر کشمیر کا سودا کیا ہو، اگر عمران نیازی نے کشمیر کا سودا نہ کیا ہوتا تو مجھے یقین ہے کہ پاکستان اتنا کمزور نہیں بھارت یہ کرسکتا۔احسن اقبال نے کہا کہ یہ کام اچانک نہیں ہوا، جب مقبوضہ کشمیر میں انتخابات ہوئے تو بھارتیا جنتا پارٹی کشمیر کے صدر نے پریس کانفرنس کر کے کہا کہ ہم کشمیر کا الحاق کرنے والے ہیں، میرا عمران نیازی سے سوال ہے کہ اس کی حکومت نے اس کا کیا جواب دیا۔سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 2 لاکھ افواج اتاریں، ہم ایک دوسرے کے ایک ایک ٹینک، ایک ایک ٹرک پر نظر رکھتے ہیں، بھارت ہماری جبکہ ہم بھارت کی فوج کی نقل و حرکت کی نگرانی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں عمران نیازی سے سوال کرنا چاہتا ہوں کہ بھارت نے جموں میں 2 لاکھ فوج اتار دی تم کیوں خاموش بیٹھے رہے۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ہماری اطلاعات ہیں کہ ہمارے حساس اداروں نے عمران نیازی کو کہا کہ بھارت نے کشمیر میں 2 لاکھ فوج اتاری ہے اس کے ارادے خطرناک ہیں، آپ مسلمان ممالک کا دورہ کریں، بین الاقوامی برادری کو متوجہ کریں تا کہ دنیا بھارت کو جارحیت سے روکے لیکن عمران نیازی نے کوئی دورہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں کہ عمران نیازی کو کہا گیا تھا کہ سمندر پر سے جہاز نہیں لے کر جانا منحوس ثابت ہوسکتا ہے اس لیے وہ اس نحوست سے بچنے کے لیے اسلام آباد میں بیٹھا رہا اور بھارت کشمیر پر قبضہ کرتا رہا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا مشیر سلامتی سری نگر میں بیٹھ کر اس منصوبہ بندی کی نگرانی کررہا تھا عمران خان نیازی کی حکومت کیوں خاموش بیٹھی رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے 2 ماہ قبل تمام سیاحوں کو مقبوضہ کشمیر سے نکال دیا تھا پوری دنیا کو علم ہوگیا تھا کہ یہ جموں میں کوئی آپریشن کرنے جارہے ہیں تو عمران خان نیازی حکومت کیوں خاموش بیٹھی رہی۔احسن اقبال نے کہا کہ ان سارے سوالات کے جوابات اگر کسی کے پاس ہیں تو آکر ہمارے ساتھ مناظرہ کریں، یہ گونگے بہرے بنے رہے اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر پر قبضے کا موقع دیا۔انہوں نے کہا کہ چونکہ عمران نیازی نے اپنے اقتدار کے لیے جموں کشمیر کا سودا کیا تھا، جب تک مسلم لیگ (ن) کا ایک بھی شیر زندہ ہے کوئی کشمیر کا سودا نہیں کرسکتا، ہم لڑیں گے، ہمارے بچے لڑیں گے لیکن ہم کشمیر کو آزادی لے کر دیں گے۔