اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے کوئی دبائو نہیں، اپوزیشن نے حکومت کو دبائو میں لانے کا جو بیانیہ دیا تھا وہ دم توڑ چکا ، اس حوالے سے اسرائیل نے بھی وضاحت کردی ہے، احتجاج ، لانگ مارچ اور جلسوں سے حکومت نہیں جائے گی ،خبر سامنے آرہی ہے کہ سعودی عرب کا ایک بڑا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ منگل کو جاری کردہ بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے احتجاج،لانگ مارچ اور جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائے گی۔ان کی 31جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہو گا جو 31دسمبر کی ڈیڈ لائن کا ہوا۔ا نہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو عوام کا اعتماد حاصل ہے وہ پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے؟۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ڈی ایم، کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے ۔سوچنے کی بات یہ ہے کہ انہیں اس کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ دراصل اپوزیشن عوام کو
دھوکا دے رہی ہے۔ اسرائیل کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور دوٹوک ہے اس پر ہم کل بھی قائم تھے اور آج بھی قائم ہیں اور اب تو اسرائیل نے بھی وضاحت کر دی ہے ،چنانچہ اپوزیشن نے حکومت کو دبا ئومیں لانے کے لیے جو بیانیہ تشکیل دیا تھا وہ دم توڑ چکا ہے۔ مولانا اجمل قادری کا بیان تہلکہ خیز اور وضاحت طلب ہے (ن) لیگ کی قیادت کو بتانا ہوگا کہ مولانا اجمل قادری کس ایجنڈے پر اور کیا پیغام لے کر اسرائیل گئے تھے؟۔