وفاقی کابینہ ، نیب اور امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی میں معاہدے کی منظوری ، شیریں مزاری کے تحفظات رائیگاں

365
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

 

اسلام آباد ( آن لائن+صباح نیوز) وفاقی کابینہ نے وفاقی وزیر شیریں مزاری کے تحفظات مسترد کرتے ہوئے نیب اور امریکی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی کے درمیان معاہدے کی منظوری دے دی ۔منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں سیاسی صورتحال سمیت پی ڈی ایم کی تحریک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔کابینہ نے گلگت بلتستان میں 3سال کے لیے ایف سی تعینات کرنے کی منظوری دے دی جب کہ جاوید غنی کو مستقل چیئرمین ایف بی آر مقرر کردیا۔اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن گیس کی منصوبہ بندی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میںپیمرا کونسل آف شکایات کی تشکیل نو موخر کردی گئی ،ہائیڈو کاربن ڈیولپمنٹ انسٹیٹیوٹ کے ڈی جی کے تقرر اورا سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے چیئرمین کے تقرر کی بھی منظوری دی گئی ۔کورونا کے علاج کے لیے قائم آئسولیشن اسپتال کے لیے 2 لاکھ 19 ہزار 300 ملین روپے وزارت کی سپرد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔علاوہ ازیں کابینہ نے اسلام آباد میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون قائم کرنے
کے لیے120ایکڑ زمین مختص کرنے کی اجازت دے دی۔مزید برآں وزیراعظم نے ریلوے کالونیوں میں 25 ہزار بجلی کے میٹر ہنگامی طور پر لگانے کا حکم دے دیا۔وزیراعظم نے بجلی میٹر کے معاملے کی مانیٹرنگ کے لیے کوآرڈی نیشن کمیٹی قائم کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ریلوے رہائشی کالونیوں میں آج سے میٹروں کی تنصیب شروع کریں اور یہ عمل 4 ماہ میں مکمل کیا جائے۔عمران خان نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے رعایت کے مستحق نہیں۔وزیرریلوے اعظم سواتی نے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کی جس کے مطابق ریلوے کالونیوں میں بجلی میٹرنہ ہونے پر سالانہ ڈھائی ارب روپے کا نقصان ہوتاہے، اس نقصان میں واپڈا اور ریلوے حکام کی ملی بھگت نکلی۔